حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کا پارلیمنٹ ہاؤس میں آغاز ہو گیا ہے۔ آج پی ٹی آئی سے مذاکرات کے آغاز سے قبل قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحٰق ڈار کے چیمبر میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ارکان کی اہم ملاقات ہوئی۔
اجلاس میں اسحٰق ڈار، یوسف رضا گیلانی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور نوید قمر شریک ہوئے جس میں مذاکراتی نشست میں پیش کی جانے والی حکومتی تجاویز پر گفتگو کی گئی۔
اس حوالے سے جب وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے سوال کیا گیا کہ کیا اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے حکومتی تجاویز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ابھی گفتگو جاری ہے حتمی شکل کیسے دی جا سکتی ہے۔
بعدازاں پاکستان تحریک انصاف کا وفد بھی مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور بیرسٹر علی ظفر شامل ہیں جنہوں نے چیئرمین سینیٹ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔
اس کے بعد حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان پارلیمنٹ ہاوس کے کمیٹی روم نمبر تین میں مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ شروع ہوا۔
تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور بیرسٹر علی ظفر شامل ہیں جبکہ حکومت کی مذاکراتی ٹیم کی نمائندگی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اسحٰق ڈار، یوسف رضا گیلانی اور نوید قمر کررہے ہیں
مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی میں خواجہ سعد رفیق، طارق بشیر چیمہ اور کشور زہرہ بھی شامل ہیں۔
حکومت کے مطابق آج تحریک انصاف اپنے مطالبات سامنے رکھے گی۔