پولیس نے پرویز الہی کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا

پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپے کے دوران مزاحمت کرنے پر پولیس نے پرویز الہٰی سمیت 50 سے زائد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
تھانہ غالب مارکیٹ میں پرویز الٰہی سمیت 50 افراد کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کیس میں دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 13 دفعات لگائی گئی ہیں۔
اینٹی کرپشن افسر کی مدعیت میں درج مقدمے کے متن کے مطابق چھاپہ مار ٹیم پر جلانے کی نیت سے پٹرول پھینکا گیا، پتھراؤ کیا، ڈنڈوں سے حملہ کیا، جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کو موقع سے فرار کرادیا گیا۔
واضح رہے کہ پولیس اور اینٹی کرپشن نے گزشتہ رات پرویز الہی کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم وہ انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہے۔
دوسری طرف پرویز الہٰی کی جانب سے پولیس آپریشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ اس حوالے سے پرویز الہٰی نے قانونی ماہرین کی 7 رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔
7 رکنی ٹیم میں ایڈوکیٹ سرمد غنی، عامر سعید، مظہر اقبال، طیب عثمان لیگل ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ پرویز الہٰی کی قانونی ٹیم میں عاصم چیمہ، صفدر بوسال اور نادر دگل بھی شامل ہیں۔ قانونی ٹیم کچھ دیر میں لاہور ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائے گی۔