قوم جاننا چاہتی ہے کہ بکتر بند گاڑیاں کس کے حکم پر دروازے توڑتی ہیں: شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ بکتر بند گاڑیاں کس کے حکم پر دروازے توڑتی ہیں
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ آٹے کی لائن میں 20 جانیں گئیں بقول شاہد خاقان عباسی کے حکومت نے رمضان میں 20 ارب کی دیہاڑی بھی لگائی، قوم جاننا چاہتی ہے کہ بکتر بند گاڑیاں کس کے حکم پر دروازے توڑتی ہیں اور آئی ایم ایف سے معاہدے کا کیا بنا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، عدلیہ آئین اور قانون ہر صورت میں جیتے گا، الیکشن ہر صورت ہو کر رہیں گے، 10 دن پہلے یا 10 دن بعد ہوں۔
اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ امید ہے عدلیہ کسی فیصلے پر پہنچنے سے پہلے مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی کو بھی دیکھے گی، مذاکرات بہانہ ہے یا الیکشن کروانا ہے، اس کا فیصلہ 10 مئی تک ہوجائے گا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جو روز آڈیو وڈیو کھیل رہے تھے اُن کے اپنے وزیرخارجہ اور وزیراعظم کی آڈیو بھی لیک ہوگئی، اس ہفتے سپریم کورٹ سے قوم کو اہم فیصلوں کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن چاہے جب بھی ہوں، اس بار عمران خان حکومت بنائیں گے، شہباز شریف غلام ابن غلام ہیں۔