پاکستان تحریک انصاف کے سیئنر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے مذاکراتی اجلاس کے بعد حکومت کے پاس اسمبلیاں تحلیل کرنے کا آخری موقع ہے۔
اسلام آباد کے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کا ڈر ختم نہیں ہوتا، تحریک انصاف کا جذبہ ختم نہیں ہوتا، ریلی کے اعلان پر کنٹینرز لگ گئے اور ورکرز کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ حکومت آئین توڑنے پر آگئے ہیں اور آئین ٹوٹ چکا ہے، آئین کے نہ ہونے سے تمام قانون اور جمہوریت ختم ہوگیا ہے۔
اسدعمر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے تحمل کا مظاہرہ کیا، بار بار موقع دیا، سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے بار بار آچکے ہیں، عدالتوں کے خلاف تقریریں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے موقع دیا کہ ایک دن میں پورے ملک میں انتخابات کروا لیں، بارہ ماہ حکومت نے غلطیوں پر غلطیاں کی ہیں۔






