وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان سے سعودی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر گفتگو

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان سے سعودی سفیر جناب نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سےمتعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں راہنماوں کی جانب سے معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سعودی نائب وزیر داخلہ اس معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
اس پراجیکٹ کے تحت حجاج کو آسان اور بلا رکاوٹ ایمیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی اور منصوبے کا آغاز اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیا جا رہاہے۔ خوش آئیند ہے کہ اس سال چالیس ہزار حجاج اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے اظہار خیال کرتے ہویے کہا کہ اس سہولت کا جلد دوسرے بڑے شہروں میں بھی آغاز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیر داخلہ کے استفسار پر سعودی سفیر کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔