پنجاب حکومت کا مفت آٹا اسکیم کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ

پنجاب میں مفت آٹا اسکیم کے دوران مبینہ کرپشن کے الزامات پر نگراں وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے مفت آٹا اسکیم کا آڈٹ کروانے کا فیصلہ کر لیا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ چند ن لیگی رہنماؤں کے الزامات پر شفاف آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے آڈیٹر جنرل آف پاکستان آفس سے مفت آٹا اسکیم کا آڈٹ کرایا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ عالمی شہرت کی حامل نجی آڈٹ فرم کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی اور آڈٹ کر کے مالیاتی نظم و ضبط یقینی بنایا جائےگا۔۔
نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کو بھی مفت آٹا سکیم کی جانچ پڑتال کی درخواست کی ہے نیب جانچ پڑتال کرکے حقائق سامنے لائے۔
واضح رہے کچھ روز قبل مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ مفت آٹا اسکیم میں 20ارب کی چوری انکشاف نہیں حقیقت ہے تحقیقات ہوئیں تو بتادوں گا کیسے اورکہاں چوری ہوئی۔