بلوچستان ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف آئین شکنی و سنگین غداری کےکیس میں کارروائی شروع کرنے کی استدعا پرفریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کےخلاف آئین شکنی و سنگین غداری کےکیس میں ہائی کورٹ میں آئینی درخواست کی ابتدائی سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ نعیم اخترافغان کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نےکی۔
عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے دائرکردہ درخواست پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی شروع کرنے کی استدعا پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 مئی کو جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزار کی پیروی میں سابق صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے سپریم کورٹ کے ماضی میں سنگین غداری سے متعلق و حالیہ فیصلوں کی روشنی میں حکومت کو ہدایات جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں حکومت پاکستان کو سیکرٹری قومی اسمبلی و سیکرٹری قانون و انصاف کے ذریعے فریق بنایا گیا۔






