عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی رہنماوں کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، بھونڈے انداز میں عمران خان کو گرفتار کیا گیا، عمران خان نے اسلام آباد روانگی سے قبل کہا تھا وارنٹ دکھائیں، گرفتاری دے دوں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ پر رینجرزنے قبضہ کر لیا ہے، وکلاء کو تشدد کا نشانہ بنایا، عمران خان کی گاڑی کے گرد گھیرا ڈال لیا گیا ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، ان کو طاقت کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ فیصلہ حکومت کے گلے پڑے گا۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ گرفتاری سے عمران خان مزید مقبول ہوں گے، جیل جانے سےعمران خان کی سیاست مضبوط ہوگی، پاکستان ڈیفالٹ ہونے جارہا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج عالم اسلام کے لیڈر کو گرفتار کیا گیا اور ان پر دوران گرفتاری تشدد کرنے کی اطلاعات آ رہی ہیں، یہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے، وہ عالم اسلام کا نڈر لیڈر ہے اور اس نے کوئی گناہ نہیں کیا، لوگوں کے لاکھوں کروڑوں اربوں روپے نہیں لوٹے، وہ دوڑ کر کسی اور ملک میں جا کر نہیں بیٹھ گیا۔