ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے نصف سے زائد جنوبی حصے کے علاقوں کو اس ہفتے درجہ حرارت میں اچانک اضافے کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق بالائی فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے پیش نظر ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص ملک کے جنوبی نصف حصوں میں 10 سے 13 مئی تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔
سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے تین سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پارہ معمول سے دو سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو فصلوں کے پانی کا انتظام کرنے کا مشورہ دیا ہے اور عوام الناس کو بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ براہ راست سورج کی تپش میں غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں اور پانی کا درست استعمال کریں۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمٰن نے اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صحت عامہ کے تحفظ اور کمزور کمیونٹیز پر شدید موسمی اثرات کو کم کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔