شاہ محمود قریشی کی کارکنوں سے پرامن رہنے کی اپیل

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کارکنان سے پر امن رہتے ہوئے احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔
اسلام آباد پولیس لائنز کے باہر تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخواست ہے کہ پر امن احتجاج کریں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا گیا، 9 بندوں کو گرفتار کرلیا۔مجھے تحریک انصاف کے کارکنان پر فخر ہے۔حکومت کی آئی ایم ایف سے ڈیل نہیں ہوئی، مہنگائی آسمان سے بات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں عمران خان تک رسائی نہیں دی جارہی، رسائی دیں گے تو پتا چلے گا، عمران خان نے جو کمیٹی بنائی تھی اس کی پہلی میٹنگ تھی، یقیناً پرویز الٰہی ہمارے ساتھ ہوں گے، عمران خان کی قیادت پر سب کو اعتماد ہے، عمران خان نے مجھے جو ذمہ داری دی ہے سب اس پر اعتماد کریں گے جب کہ چیئرمین عمران خان ہیں اور رہیں گے مجھے وقت ذمہ داری دی گئی ہے‘۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود نے کہاکہ حکومت کے ساتھ مذاکرات؟ خدا کا خوف کریں۔
اس موقع پر اسد عمر کاکہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کی وجہ بتائی جائے، ان کی گرفتاری میں بدنیتی شامل ہے، عمران کے چاہنے والوں کا حق ہے کہ پرامن احتجاج کریں، پرامن احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیا گیا۔
دوسری جانب پولیس لائنز میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو داخل نہیں ہونے دیا گیا۔