عمران خان اپنی بے گناہی عدالتوں میں ثابت کریں: احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اسلام ہائیکورٹ نے بھی عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا، عمران خان اپنی بے گناہی عدالتوں میں ثابت کریں۔
اسلام آباد میں غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا، عمران خان کا دور اقتدار بدترین انتقامی دور تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نیب نے کرپشن کے کیس میں گرفتار کیا، یہ کوئی معمولی کیس نہیں، 60 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا کیس ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے 160 ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں جمع نہیں کرائے، انہوں نے رقم ذاتی مفاد کے لیے استعمال کی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں افراتفری پھیلائی گئی، پولیس پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور توڑ پھوڑ کی، پی ٹی آئی کارکنوں نے سیکیورٹی اداروں کی املاک پر حملہ کیا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کی، نواز شریف اور شہباز شریف سمیت ن لیگ کی قیادت کو گرفتار کیا گیا۔