پنجاب میں فوج کی تعیناتی وفاقی حکومت کی سازش ہے: فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب میں فوج کی تعیناتی وفاقی حکومت کی سازش ہے، حکومت فوج اور عوام کو لڑانا چاہتی ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی حکومت ملک کو انتشار میں دھکیل رہی ہے لہٰذا پاکستان کے عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ بحران ختم کرانے کا کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں: امن وامان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فوج طلب
انہوں نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ ہماری پالیسی نہیں ہے، جس طریقے سے کھیل کھیلا جا رہا ہے اس سے پاکستان کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو جائے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کل کہا جا رہا تھا الیکشن کے لیے فوج دستیاب نہیں، اب پورا پنجاب فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے، پاکستان کا آئین ختم کر دیا گیا ہے اور ملک میں خوفناک تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔