پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی سمیت اہم سیاسی رہنماوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد پولیس نے شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کو گلگت بلتستان ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے گرفتاری سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پولیس مجھے گرفتارکرنے آگئی ہے، یہ حقیقی آزادی کی تحریک ہے، میرا دامن صاف ہے، 40 سال ایمانداری سے سیاست کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحثیت وزیرخارجہ پاکستان کا ہر فورم پر دفاع کیا، یہ جدوجہد عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی، قانون کو پہلے کبھی ہاتھ میں لیا نہ اب لیں گے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق منصوبہ بندی کے تحت جلاؤ گھیراؤ اور نقص امن کے خطرے کے تحت پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں جاری ہیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چوہدری کے علاوہ جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، ملیکہ بخاری اور عالیہ حمزہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں قانونی تقاضوں کو مکمل کرکے عمل میں لائی گئی ہیں، مزید گرفتاریاں متوقع ہیں، عوام مِیں افواہ اور اشتعال پھیلانے سے گریز کریں۔
فواد چوہدری گرفتارگزشتہ روز فواد چوہدری سپریم کورٹ میں موجود تھے، انہیں عدالت سے باہر آنے پر اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرکے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا تھا۔
سپریم کورٹ سے باہر آکر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میری کل ہی ضمانت منظور ہونے کے باوجود مجھے گرفتار کیا جارہا ہے۔
کچھ دیر قبل فواد چوہدری نے اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عدالت نے کل فیصلہ دیا کہ مجھے 12 تاریخ تک کسی بھی کیس میں گرفتار نہیں کیا جا سکتا تاہم باہر اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری مجھے گرفتار کرنے کیلئے موجود ہے۔
پولیس کو سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کےاحکامات موصولدوسری جانب پولیس کو سپریم کورٹ سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو گرفتار کرنے کے احکامات موصول ہوئے جس کے بعد ایس ایس پی آپریشن بھاری نفری کے ساتھ سپریم کورٹ پہنچے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت اور ضلع انتظامیہ کے درمیان سپریم کورٹ میں سکیورٹی فورسز کی تعیناتی پر مشاورت کی جا رہی ہے۔






