پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ فوج کو ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے، شہباز شریف اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پی ڈی ایم حکومت گن پوائنٹ پر سپریم کورٹ سے فیصلہ لینا چاہتی ہے۔
پرویز الہٰی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فضل الرحمٰن اور مریم نواز پر توہینِ عدالت لگائی جائے، نواز شریف کی خوشنودی کے لیے فضل الرحمٰن اپنے اکابر کی روایات فراموش کر چکے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا واحد حل الیکشن ہیں، پنجاب میں بروقت الیکشن ہو جاتے تو حالات خطرناک حد تک نہ پہنچتے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان عوام کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور شہباز شریف آگ بھڑکا رہے ہیں، پی ڈی ایم حکومت فوج اور عوام میں جنگ کرانا چاہتی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کے صدر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے جتھوں کو جمع کر کے حکومت نے اپنا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کردیا ہے، سپریم کورٹ ان پر فوری توہینِ عدالت لگائے۔






