سعودی نائب وزیرداخلہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے.ناصر بن عبدالعزیز الداؤد وزیراعظم شہبازشریف اورآرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے.
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کےنائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیزالداؤد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں ،وفاقی وزیرداخلہ راناثناء اللہ خان نے نورخان ایئر بیس پر سعودی نائب وزیرداخلہ ڈاکٹر ناصربن عبدالعزیزالداؤد کا استقبال کیا۔
سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیزالداؤد اپنے دورے کے دوران پاکستان اور برادراسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
خیال رہے کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ حجاج کرام کو آسان اور پریشانی سے پاک امیگریشن فراہم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
اس کے علاوہ سعودی نائب وزیر داخلہ اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی وزیر برائے نارکوٹکس کنٹرول اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے۔






