دفتر خارجہ نے امریکہ کی طرف سے جاری کردہ عالمی مذہبی آزادیوں کی رپورٹ میں پاکستان سے متعلق کئے گئے دعوئوں کو یکسر مسترد کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ خود مختار ملکوں کے داخلی معاملات سے متعلق معلومات پر مبنی ایسی رپورٹوں کا اجرا بلا جواز، غیر ذمہ دارانہ اور نقصان دہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے مذہبی تنوع اور تکثیری سماجی ڈھانچے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین عقائد سے بالا تر ہوکر تمام پاکستانیوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ اور پاسداری کے لئے مضبوط لائحہ عمل فراہم کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ا س بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ اپنے باشندوں کے مذہبی حقوق اور آزادیوں کا فروغ و تحفظ ہرملک کی بنیادی ذمہ دار ی ہے۔






