ملک بھر میں آرٹیکل 245 کا نفاذ سپریم کورٹ میں چیلنج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک بھر میں آرٹیکل 245 کے نفاذ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے بیرسٹر گوہر کے توسط سے درخواست اعلیٰ عدالت میں دائر کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ آرٹیکل 245 کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فوجی عدالتوں میں ٹرائل بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔آئین ہر شہری کو شفاف اور منصفانہ ٹرائل کا حق دیتا ہے۔
عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ عدالت آرٹیکل 245 کا نفاذ اور کریک ڈاؤن کالعدم قرار دے۔
خیال رہے کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کو طلب کیا جاسکتا ہے۔
حکومت نے 9 مئی کو تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتِ حال کے بعد پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں فوج طلب کرلیا تھا۔