شہداء کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شہداء کی قربانیوں کو کوئ زائل نہیں کر سکتا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے جنرل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی سٹاف نے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز اور جوانوں کے ساتھ پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے  شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا ہے کہ وہ شہداء جنہیں اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی، اُنکی قربانیوں کو کوئ زائل نہیں کر سکتا، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شہداء کے وارثین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کے آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک فوج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں۔