پی پی اکثریت ثابت نہیں کرسکے گی، میئر کراچی جماعت اسلامی کا بنے گا: حافظ نعیم الرحمٰن

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمارا سب سے رابطہ ہے، پارٹیوں کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں، پیپلز پارٹی اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکے گی، کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا بنے گا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے، لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ ہو رہی ہے، کے ای ایس سی کی نجکاری سے متعلق سپریم کورٹ میں ہماری درخواست زیرِ سماعت ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کمپنیوں کا معاہدہ ریاست کے ساتھ ہوتا ہے، یہ خراب پلانٹ چلاتے ہیں، یہ اس لیے مفاد عامہ کا کیس ہے کہ کئی کئی گھنٹوں کی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اس عفریت سے ہماری جان چھڑائی جائے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ 2015 میں ہیٹ ویو میں متعدد لوگ جاں بحق ہوئے، یہ کراچی ہے جو ملک کی معیشت چلاتا ہے۔