لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کی بحالی کا فیصلہ معطل کردیا

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی کی بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا۔ سیکریٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے انٹرا کورٹ اپیل لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی۔ عدالت عالیہ نے 21 جون تک فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے 21 جون تک فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیاہے ۔لاہور ہائیکورٹ کے 2رکنی بینچ نے سیکریٹری قومی اسمبلی کی درخواست پر فیصلہ سنایا ۔ہائیکورٹ نے اپیل میں شاہ محمود قریشی ، فواد چوہدری سمیت 61 ارکان کو فریق قرار دیدیا ہے۔ سیکریٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کی انٹرا کورٹ اپیل پر جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، اپیل میں فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی، حماد اظہر سمیت 61 مستعفی اراکین اسمبلی کو فریق بنایا گیا تھا۔ اپیل میں اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو بھی فریق بنایا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیاکہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے 123 ممبران قومی اسمبلی نے استعفیٰ دیا تھا۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ 28 مئی کو اسپیکر قومی اسمبلی نے 11 ممبران کے درست استعفے منظور کئے، اسپیکر قومی اسمبلی نے قانون کے مطابق 17 جنوری کو باقی ممبران کے استعفے منظور کئے۔ اپیل میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے قانون کے برعکس ممبران کی بحالی کا فیصلہ دیا، عدالت انٹرا کورٹ اپیل منظور کرکے سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔