سپریم کورٹ میں ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت جاری

سپریم کورٹ میں ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت شروع ہو چکی ہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے۔ تین رکنی بینچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بینچ میں شامل ہیں۔   سماعت کے دوران چیف جسٹس ریمارکس دیئے کہ عدالت دیکھ رہی ہے کہ کیا پارلیمنٹ قانون کے ذریعے نظر ثانی کو بڑھا سکتی ہے،  آپ کی دلیل ہے کہ نظر ثانی کو اپیل میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا، چیف جسٹس دوبارہ سماعت کا تصور اپیل کا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 184/3 حتمی احکامات کے لیے بنایا گیا ہے، جب 184/3 کی شرائط پوری ہو رہی ہوں تو عدالت حکم جاری کرتی ہے، اگر کسی کو آرٹیکل 184/3 میں اپیل کا حق دیا جائے تو یہ ازخود نوٹس کے اختیارات کم کرنے کے مترادف ہے ۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ماضی کے فیصلوں میں دانشمندی ہے جو قانونی عمل کو حتمی بنانے کی بات کر رہے ہیں۔