ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا نیب ترمیمی آرڈیننس جاری

قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے قومی احتساب بیورو ( نیب) ترمیمی آرڈیننس 2023 جاری کر دیا۔ صادق سنجرانی نے نیب ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کیے اور انہوں نے آرڈیننس وزیر اعظم کی ایڈوائس پر جاری کیا۔ آرڈیننس کے تحت چیئرمین نیب تفتیش میں عدم تعاون پرملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرسکیں گے۔ نیب ترمیمی آرڈیننس کے مطابق گرفتار ملزم کو 14 کے بجائے 30 دن تک جسمانی ریمانڈ پر رکھا جا سکےگا۔ آرڈیننس کے تحت چیئرمین نیب تفتیش میں عدم تعاون پرملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرسکیں گے۔ ذرائع وزارت قانون و انصاف کے مطابق وفاقی کابینہ نے مجوزہ ترامیم کی منظوری دی تھی۔ وفاقی کابینہ کے ذرائع نے بتایاکہ نیب ترامیم پر کابینہ کے اجلاس میں سب سے آخر میں کارروائی کی گئی اور تمام بیوروکریٹس کو کابینہ کے بند کمرے کے اجلاس سے باہر نکال دیا گیا۔ واضح رہے کہ صدارتی آرڈیننس کی راہ ہموار کرنے کیلئے پیر کی شام قومی اسمبلی کے اجلاس کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے 26 جون کو قومی اسمبلی کا اجلاس 17 جولائی تک ملتوی کیا تھا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہو تو صدارتی آرڈیننس جاری نہیں کیا جا سکتا یہی وجہ ہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی اجلاس کو ملتوی کیا گیا۔ خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی ان دنوں بیرون ملک ہیں اور ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر ہیں۔