سویڈن واقعہ، حکومت کا 7 جولائی کو ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف حکومت نے 7 جولائی کو یوم تقدیس قرآن منانے اور ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں سویڈن بے حرمتی واقعے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم کو احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم یک زبان ہوکر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے، جمعے کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلاکر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، امن پسند، بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی اقوام متشدد قوتوں کا راستہ روکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہب، مقدس ہستیوں ، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے امن کیلئے خطرہ ہیں، پرامن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں ایسے واقعات کا تدارک کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی عزت وحرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے لئے ہم سب ایک ہیں، گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلاکر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا بھر کی امن پسند، بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی اقوام اور قیادت اسلاموفوبیا کا شکار اور مذہبی تعصبات کی حامل متشدد قوتوں کا راستہ روکیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ مذہب، مقدس ہستیوں ، عقائد اورنظریات کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہن دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں، عالمی سطح پرپرامن، متوازن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں مل کر ایسے رجحانات اور واقعات کے تدارک کے لئے کام کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔