وفاق کا گلگت بلتستان میں سیکیورٹی اداروں کی تعیناتی میں ایک سال توسیع کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں فوج اور رینجرز سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کی تعیناتی میں ایک سال توسیع کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کی جانب سے فوج، رینجرز، جی بی سکاوٹس، ایف سی کی تعیناتی میں توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے وزارت داخلہ کی سمری منظور کرلی، جی بی حکومت نے انٹرنل سیکیورٹی کیلئے تعیناتی میں توسیع کی درخواست کی تھی، جی بی میں پاک آرمی کی تعیناتی میں 30 جون 2024 تک ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان میں فرنٹیئر کنسٹیبلری کی تعیناتی میں ایک سال کیلئے 30 جون 2024 تک توسیع، جی بی اسکاوٹس کی تعیناتی میں ایک سال کیلئے 30 جون 2024 تک توسیع اور جی بی اسکاوٹس کے کچھ پلاٹونز کی تعیناتی 23 اگست 2024 تک ہوگی۔