گلگت بلتستان: غذر میں گاڑی حادثہ، ایک شخص جاں بحق، 14 زخمی

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گاڑی حادثہ کا شکار ہوئی اور گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور دیگر 14 زخمی ہوگئے۔ ریسکیور 1122 اور سیفٹی افسر غذر راجا اجمل نذیر نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے ایک گلگت ہسپتال جبکہ دو زخمیوں کو گوپس ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ سیفٹی افسر کا کہنا تھا کہ تین زخمیوں غذر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں مجموعی طور پر 15 افراد سوار تھے تاہم امدادی ٹیموں کو جائے حادثے کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں قراقرم ہائی وے کے قریب تھیلچی کے مقام پر سیاحوں کی گاڑی بھی حادثے کا شکار ہوئی تھی جہاں 6 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔