نگران سیٹ اپ پر مشاورت: وزیراعظم نے ن لیگ کی 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی

وزیراعظم شہباز شریف نے نگران سیٹ اپ پر مشاورت کیلئے مسلم لیگ (ن) کی 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں ایازصادق، سعدرفیق،خواجہ آصف، احسن اقبال اور اسحاق ڈار شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے ن لیگ کے سینیئر رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام، متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر اتحادیوں سے مذاکرات کرے گی۔ ذرائع کے مطابق لیگی مذاکراتی کمیٹی براہ راست نوازشریف سے رابطے میں رہے گی، کمیٹی پی ڈی ایم اور اتحادیوں سے دو اہم معاملات پربات کر رہی ہے، موجودہ قومی اسمبلی کب تحلیل کی جائے گی، یہ معاملہ زیرغور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نےاتحادی جماعتوں کو بھی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دینےکی ہدایت کی ہے۔ خیال رہے کہ موجودہ اسمبلی کی مدت 12 اگست کو ختم ہو رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے مدت سے قبل ہی اسمبلی توڑنے کا اشارہ دے چکے ہیں۔