کراچی میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کا سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ خراب موسم کے سبب اندرون و بیرون ملک کئی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں جبکہ ٹورنٹو، مدینہ، مسقط اور ریاض کی پروازیں منسوخ کی گئیں۔ میئر کراچی نے بھی رات گئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور کہا کہ بارش کے پانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کرنے والے پانی کلیئر ہونے کی بھی تصاویر دیکھ لیں۔ دوسری جانب حیدرآباد میں بھی بارشوں سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، لطیف آباد، قاسم آباد اور ٹنڈوجام میں اہم شاہراہیں نہر کا منظر پیش کرنے لگیں۔ لاڑکانہ میں موسلادھار بارشوں کے باعث دادو کینال میں 10 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔