کراچی: کالعدم تنظیم کا کمانڈر زخمی حالت میں گرفتار

کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر ارشاد گل زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد ارشاد گل عرف کمانڈو کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی فدا حسین جانوری کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم کے سوات گروپ سے ہے، اور وہ تخریب کاری سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے۔
گرفتار دہشت گرد 10 رکنی گینگ بنا کر شہر میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتیں کر رہا تھا، اس نے ضلع غربی، کورنگی، شرقی اور وسطی میں منظم گینگ بنا کر لوٹ مار کی وارداتیں کیں۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے، اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے ان کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ حالیہ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی یہ گینگ ملوث ہے۔