علی مردان ڈومکی نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نامزد

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے لیے میر علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق ہو گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے میر علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کا فیصلہ ہو گیا ہے اور میرعلی مردان خان ڈومکی نگران وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اوربلوچستان کے سیاستدان علی مردان ڈومکی نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی تھی، اور ان کو نگراں وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔ بلوچستان کے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے مشاورت کا کل آخری روز تھا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ کے درمیان گزشتہ روز بھی ملاقات ہوئی تھی۔ میر علی مردان خان کا تعلق بلوچستان کےعلاقے لہڑی سے ہے اور وہ سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے بیٹے ہیں۔ علی مردان ڈومکی 13 اکتوبر 1972 کو پیدا ہوئے، ان کے والد حضور بخش ڈومکی 1975 سے 1977 تک سینیٹر رہے، انہوں نے علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا اور وہ تحصیل ناظم لہڑی اور ضلع ناظم سبی رہ چکے ہیں۔