کراچی: ڈیڑھ درجن ڈاکوؤں کا چائے خانے پر دھاوا، لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

کراچی میں کریم آباد مینا بازار کے قریب 9 موٹر سائیکلوں پر سوار ڈیڑھ درجن سے زائد مسلح ڈاکوؤں نے چائے خانے پر دھاوا بول دیا۔ مسلح ڈاکوؤں نے چائے کے ہوٹل پر موجود متعدد شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھین لیے، جبکہ ایک شہری سے ساڑھے 5 لاکھ، ایک شہری سے 24 ہزار اور ایک سے قیمتی موٹر سائیکل بھی چھینی اور فرار ہوگئے۔ ہوٹل کے عملے نے بتایا کہ ڈاکوؤں واردات کے لیے چائے خانے پر پہنچے، تو وہاں 100 سے زائد گاہک موجود تھے۔ عملے نے مزید کہا کہ مسلح افراد کو دیکھ کر کئی گاہکوں نے دوڑ لگادی لیکن ہوٹل پر بیٹھے رہ جانے والے گاہک ڈاکوؤں کا نشانہ بن گئے۔ عملے کا کہنا ہے کہ مسلح ڈاکوؤں نے چہرے چھپانے کے لیے ماسک لگائے ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کی واردات گزشتہ شب پیش آئی، جائے واردات سے شواہد جمع کر کے ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔