تحریک انصاف کے روپوش رہنما منظر عام پر آگئے، عدالت سے رجوع کرلیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے روپوش رہنما حلیم عادل شیخ منظر عام پر آگئے۔ انہوں نے سانحہ 9 مئی میں جلاؤ گھیراؤ کے الزام سے متعلق وارنٹ گرفتاری کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ حلیم عادل شیخ نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت پر ہوں۔ حیدر آباد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ سندھ ہائی کورٹ کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روک چکی ہے۔ حیدر آباد عدالت کے وارنٹ گرفتاری معطل کیے جائیں اور کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکا جائے۔ عدالت میں درخواست دائر کیے جانے کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمیں تو آنا تھا، عدالتوں سے کبھی ہم دور نہیں ہوئے۔ ابھی جو ڈیڑھ سال میں ہوا ہے پاکستان میں، میرے ساتھ پیپلز پارٹی نے 5 سال میں کیا ہے۔ اس کے باوجود میں عدالتوں میں بھی آیا ہوں اور سامنا بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جاتے ہوئے کسی اور کے کندھے پر رکھ کر بندوق چلانا چاہ رہی تھی۔ اب ہم عدالتوں میں آگئے ہیں۔ ملک کا محب وطن لیڈر آج اپنی قوم کے لیے جیل میں پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاگنا چاہتے تو جاسکتے تھے۔ بہت سارے لوگ لندن بھاگ جاتے ہیں، دبئی چلے جاتے ہیں لیکن قوم کے لیے وہ اڈیالہ جیل میں پڑا ہے۔