عمران خان بتائیں ایکس وائی کون ہے؟ جاوید لطیف

مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کا چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیرِ اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران خان بتائیں ایکس وائی کون ہے اور وہ کن کو فون کر رہے ہیں؟
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اندر ان دنوں عجیب کھیل کھیلا جا رہا ہے، ملک میں پلاننگ سے فساد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ ہر ادارے پر حملے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان پاکستان کو سری لنکا بنانے کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں۔ عمران خان تمام حدیں پھلانگ چکے، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، عمران خان اداروں کو دباؤ میں لانے کے لیے واویلہ کرتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کا ڈی جی اس لیے تبدیل کرتے ہو کہ وہ آپ کے ذاتی انتقام میں حصہ دار نہیں بنتا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ مقدمات اور جیلوں کا ساری زندگی سامنا کیا، ہم نے اب بھی ریاست کے لیے سیاست کی قربانی دی، آج بھی جو سلوک ہمارے ساتھ روا ہے وہ مناسب نہیں ہے۔
جاوید لطیف نے یہ بھی کہا ہے کہ لاڈلے کو آج بھی ہیرو کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو آپ 15 اکتوبر سے پہلے ہماری زبانیں بھی کھلتی دیکھیں گے، عمران خان کی سیاست کا دارومدار صرف ایک تقریر پر ہے۔