لاہورکے متعدد شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

 پنجاب کے دارلحکومت لاہور سمیت مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے ، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 14 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز لاہور سے 25 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم زلزلے کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات اور زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کو زلزلہ کی ابتدائی رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔ جس کے مطابق قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ اور مرید کے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے، زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔