اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی کو معطل کرنے پر وضاحت پیش کر دی

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم کو غلط بیانی پر نااہل کیا جا سکتا ہے تو ایوان کو تماشہ بنانے والے ارکان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہو سکتی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ بعض ارکان اسمبلی کو معطل کیا گیا جبکہ کچھ کو نوٹسز جاری کیے گئے۔ اپوزیشن لیڈر نے یہ سوال اٹھایا کہ کیا اسپیکر ریفرنس بھیج سکتا ہے یا نہیں، جبکہ میری رولنگ کے خلاف بہت کچھ کہا اور لکھا گیا۔ ملک احمد خان نے مزید کہا کہ بجٹ سیشن کے دوران کاپیاں پھاڑی گئیں، شور شرابہ کیا گیا اور وزیر خزانہ پر حملے کی کوشش بھی کی گئی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایوان میں احتجاج کی بھی کچھ حدود ہونی چاہئیں۔ “میں اس بات کو تسلیم نہیں کرتا کہ قائدِ ایوان یا قائدِ حزب اختلاف کو تقریر کرنے نہ دی جائے، میرا مقدمہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام کے حق کا ہے،” انہوں نے کہا۔