اسٹاک مارکیٹ مستحکم، ڈالر کی قدر میں معمولی کمی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز استحکام کے ساتھ مثبت رجحان دیکھا گیا، جبکہ ڈالر کی قدر میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس میں 250 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 45 ہزار 632 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 46 ہزار پوائنٹس تک پہنچ چکا تھا۔ دوسری جانب روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق 9 پیسے سستا ہونے کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 282 روپے 38 پیسے ہو گئی ہے۔