گاڑیوں کی فروخت میں 28 فیصد اضافہ، تازہ اعداد و شمار جاری

مالی سال 2025-26 کے پہلے ماہ جولائی میں گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ماہانہ فروخت میں کمی دیکھی گئی۔ گزشتہ مالی سال 2025 میں 43 فیصد اضافے کے بعد نئے مالی سال کا آغاز مثبت ہوا، جس میں پک اَپ، وینز اور ہلکی کمرشل گاڑیوں کی فروخت بڑھ کر 11 ہزار 34 یونٹس تک جا پہنچی۔ تاہم ماہانہ بنیاد پر فروخت میں 49 فیصد کمی آئی، جس کی بڑی وجہ جون کا بلند بیس ایفیکٹ رہا۔ پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق الیکٹرک وہیکل (ای وی) سیکٹر میں بھی نمایاں ترقی دیکھی گئی۔ ہونڈا آئیکون ای ای وی اسکوٹر نے 313 یونٹس کی پیداوار اور 303 یونٹس کی فروخت کے ساتھ سبقت حاصل کی، جبکہ یونائیٹڈ نے جولائی 2025 میں 229 یونٹس تیار کیے اور 270 فروخت کیے۔ جو گزشتہ سال جولائی کے 88 اور 74 یونٹس کے مقابلے میں بڑا اضافہ ہے۔ کار کیٹیگری میں ہونڈا سوک/سٹی، سوزوکی سوِفٹ اور ٹویوٹا کرولا/یارس/کراس کی فروخت بالترتیب 1 ہزار 143، 522 اور 2 ہزار 418 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔ جو گزشتہ سال جولائی میں 790، 502 اور 1 ہزار 106 یونٹس تھی، اس طرح ان ماڈلز کی فروخت میں بالترتیب 45 فیصد، 4 فیصد اور 119 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ہنڈائی ایلانٹرا اور سوناٹا کی فروخت بھی بہتر رہی جو جولائی 2024 کے 33 اور 34 یونٹس کے مقابلے میں بڑھ کر 141 اور 66 یونٹس تک پہنچ گئی۔ جبکہ سوزوکی کلٹس کی فروخت 96 سے بڑھ کر 239 یونٹس ہو گئی،سوزوکی ویگن آر کی کوئی پیداوار نہیں ہوئی، جس سے امکان ہے کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے یہ ماڈل بند کر دیا ہے۔ دوسری جانب سوزوکی آلٹو کی فروخت 2 ہزار 869 یونٹس سے کم ہو کر 2 ہزار 327 یونٹس رہ گئی۔ ٹویوٹا فورچیونر اور ریوو کی فروخت 558 یونٹس سے بڑھ کر 919 یونٹس ہو گئی جبکہ ہنڈائی ٹوسان اور ہونڈا بی آروی/ایچ آروی کی فروخت بالترتیب 113 اور 141 یونٹس سے بڑھ کر 546 اور 357 یونٹس ہو گئی۔ سازگار کی ہیول اور جیک ایکس 200 کی فروخت بالترتیب 824 اور 102 یونٹس سے بڑھ کر 1 ہزار 79 اور 149 یونٹس تک پہنچ گئی۔ ہنڈائی پورٹر اور سانتافے کی فروخت 349 اور 58 یونٹس سے بڑھ کر 395 اور 77 یونٹس رہی جو بالترتیب 13 فیصد اور 33 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ دوسری طرف ٹریکٹر سیکٹر میں فروخت سال بہ سال 18 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 57 فیصد کمی کے ساتھ 1 ہزار 195 یونٹس رہ گئی۔ جس کی وجہ کمزور زرعی معیشت اور دیہی طلب میں کمی بتائی جاتی ہے، ٹرک اور بسوں کی فروخت جولائی 2025 میں 374 یونٹس رہی جو سال بہ سال 22 فیصد اضافہ لیکن ماہانہ بنیاد پر 49 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے۔