پاکستان سٹاک ایکسچینج نے نیا سنگ میل حاصل کر لیا، انڈیکس اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا اور انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان رہا ، کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 821 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ جس سے انڈیکس ایک لاکھ 47 ہزار 826 پر ٹریڈ کرتے دیکھا گیاجو بلند ترین سطح ہے۔ دوسری جانب روپےکے مقابلے میں انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈکی گئی ہے ،۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی کے مطابق 10 پیسے کی کمی سے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 282 روپے 32 پیسے ہو گئی۔ واضح رہے گزشتہ کئی دنوں سے ڈالر مسلسل سستا ہو رہا ہے جس سے پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک ایکسچینج نے کل یوم آزادی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج 14 اگست جمعرات کو کاروباری سرگرمیوں کیلئے بند رہے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے تمام سرٹیفکیٹ ہولڈرز، بروکرز اور متعلقہ فریقین کو باضابطہ اطلاع دے دی گئی ہے۔






