پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب شدید حادثے کا شکار ہو گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں عوام ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث 2 مسافر جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں سے 6 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے، امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور پٹری سے اتری ہوئی بوگیوں کو ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق حادثے کی وجہ سے اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے، جس سے دیگر ٹرینوں کے شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ٹرین حادثے کے زخمی مسافروں کی عیادت اور انہیں ناشتہ بھی فراہم کیا۔ لودھراں ٹرین کے مسافروں کے ارام کے لیے کے میونسپل اسٹیڈیم میں انتظامات مکمل کردیئے گئے لودھراں ڈپٹی کمشنر نے جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ جاں بحق ہونے والے ایک مسافر کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی ہے جو خوشاب کا رہائشی تھا۔ حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک بند ہو گئے، متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو گئیں جب کہ حادثے کے مقام پر ٹریک کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

