کراچی کے مختلف علاقوں میں تین گھنٹے سے مسلسل تیز بارش جاری ہے جس کے باعث گلیاں، محلے پانی میں ڈوب گئے۔ کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جب کہ ٹریفک پولیس نے ناظم آباد، لیاقت آباد، غریب آباد ، خیابان اقبال، کلفٹن سمیت دو تلوار انڈر پاس بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 600 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی بند ہوگئی۔ بارش کے بعد کے الیکٹرک کا ڈسٹری بیوشن نظام تاحال غیر مستحکم ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون بارشوں کے دوران متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے شدید بارشوں کے پیش نظر ریسکیو اور انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے میئر کراچی کو ہدایت کی کہ بارش کے پانی کے فوری اخراج کے لیے مشینری اور عملہ متحرک رکھا جائے، شدید بارشوں کے دوران عوام کو غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرے۔

