پنجاب میں پاک فوج، رینجرز اور دیگر ریسکیو اداروں نے سیلابی صورتحال کے دوران بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ساڑھے 9 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے سرگودھا کے علاقے گورنہ پٹھاناں سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں سیلاب میں پھنسے افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ گوجرانوالہ میں سیلاب کے باعث گھروں کی چھتوں پر پھنسے شہریوں کو پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا۔ سیلاب متاثرین کے لیے پاک فوج نے فری میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے ہیں، جہاں بزرگ شہریوں، بچوں اور خواتین کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاکستان رینجرز بھی سلیمانکی میں جاری ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے، جہاں سیلاب میں پھنسے 55 افراد اور 150 مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔ متاثرہ علاقوں میں قائم میڈیکل کیمپس میں شہریوں کو دوائیں اور ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ریسکیو ادارے بھی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ پنجاب کے 30 اضلاع میں جاری ریسکیو آپریشن میں 3 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا، جبکہ 700 کشتیاں استعمال کی گئیں۔ ساڑھے 9 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور سیلاب متاثرین کے لیے شیلٹر کیمپس میں کھانا اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ادھر سیالکوٹ میں سیلاب میں بہہ کر آنےوالے3 ہرن کو بھی ریسکیو کرلیاگیا، ڈپٹی چیف وائلڈ لائف کےمطابق ہرن چپراڑ اور بجوات کےعلاقوں سے ریسکیو کیے گئے۔ 2 ہرن کو ری ہیبلیٹیشن کےلیے لاہور جلو پارک جبکہ ایک زخمی ہرن کو سیالکوٹ وائلڈ بریڈنگ سینٹر منتقل کیاگیاہے۔ یاد رہےکہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے اور بارشوں کے باعث دریائےچناب، ستلج اور راوی بدستور سیلاب کی لپیٹ میں ہیں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سیلاب کے باعث پنجاب بھر میں اب تک مجموعی طور پر 45 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔

