کوئٹہ: اسمگلروں کیخلاف ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، ایک کروڑ امریکی ڈالرز برآمد

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کوئٹہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈالر اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایف آئی اے نے ہزارہ ٹاؤن میں مکان پر چھاپا مار کر ایک کروڑ امریکی ڈالرز برآمد کر لیے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق دوران کارروائی 2 ملزمان آغا اعجاز اور مشتاق خان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان افغان شہری ہیں۔ واضح رہے ڈالر ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کرنے کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) حساس ادارے اور اسٹیٹ بینک نے گرینڈ آپریشن کے لیے کمر کس لی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والی کمپنیوں اور افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ ایف آئی اے اور حساس اداروں نے ایکسچینج کمپنیوں کا دو سال کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے، غیر معمولی تعداد میں ڈالر لینے والوں کی بھی فہرست بھی تیارکرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور حساس ادارے نے بینکوں سے لاکر مالکان اور سامان کی تفصیلات بھی جمع کرنا شروع کردی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہےکہ ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کو اطلاعات ہیں کہ ڈالرز بڑی تعداد میں بینک لاکرز میں ذخیرہ ہیں، ایف آئی اے ڈالرز ریکوری آپریشن میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے بینک لاکرز کو اسکین کرسکےگی، ایف آئی اے اور حساس اداروں کو ڈالرز کریک ڈاؤن سے ڈالرز کی قدر میں بڑی کمی کا یقین ہے۔