راولپنڈی (طلعت المشہدی) پاکستان ملٹری انٹیلیجنس کے سینئر اور سابق آفیسر کرنل سید ابوالحسن کاظمی اس جہانِ فانی سے رخصت ہو گئے۔ وہ سابق صدرِ پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کے کورس میٹ تھے اور انہوں نے پاکستان ملٹری انٹیلیجنس میں 26 برس تک خدمات انجام دیں۔
کرنل سید ابوالحسن کاظمی کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فکری بصیرت اور ادارہ جاتی خدمات کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل تھا۔ وہ پاکستان ملٹری انٹیلیجنس کے پہلے جریدے “ونڈو” کے بانی ایڈیٹر بھی رہے، جس نے ادارے کے اندر علمی و پیشہ ورانہ مکالمے کو فروغ دیا۔
تعلیمی میدان میں بھی ان کی خدمات قابلِ ذکر رہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف الی نوائے (Illinois) سے گولڈ میڈل حاصل کیا، جو ان کی علمی برتری اور تحقیقی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
مرحوم کا تعلق چکوال کے معروف سادات گھرانے سے تھا۔ ان کے والد میجر سید عابد حسین شاہ کاظمی ضلع چکوال کی مشہور سماجی شخصیت تھے۔ ان کے بھائی پیر سید سبط الحسن شاہ بھی چکوال کے سادات گھرانے کی ایک نامور اور معتبر شخصیت تھے، جبکہ ایک اور بھائی سید فخر الحسن شاہ پاک فوج کے اعلیٰ افسر رہے اور جنگی خدمات کے اعتراف میں انہیں تمغۂ جنگ سے نوازا گیا۔
کرنل سید ابوالحسن کاظمی کی نمازِ جنازہ اور تدفین آرمی قبرستان، ریس کورس پارک، راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔ ان کی وفات پر عسکری و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔






