ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دن میں صرف 2 سگریٹس پینا بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے کہا کہ کم شدت والی سگریٹ نوشی بھی آپ کی جلد موت کے خطرے کو 60 فیصد تک بڑھا سکتی ہے۔تحقیق کے دوران 3 لاکھ افراد کے 20 سالہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا، جس سے یہ معلوم ہوا کہ تھوڑی بہت سگریٹ نوشی کرنے والوں کو بھی سگریٹ نوشی کے عادی افراد کی طرح صحت کے سنگین خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کرنے والوں میں امراض قلب کا شکار ہونے کا امکان سگریٹ نہ پینے والوں سے 50 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ روزانہ 2 سے 5 سگریٹس پینا “کم شدت والی سگریٹ نوشی” کے طور پر شمار کیا جاتا ہے، جو فی ہفتہ ایک یا دو پیک سگریٹ پینے کے برابر ہوتا ہے۔ برطانیہ میں اوسطاً سگریٹ نوشی کرنے والا شخص 11 سگریٹس روزانہ پیتا ہے۔ محققین نے خبردار کیا کہ صرف سگریٹس کی تعداد کم کرنا کافی نہیں، کیونکہ سگریٹ نوشی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے، چاہے کتنی ہی کم مقدار میں کیوں نہ ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ زندگی میں جتنی جلدی ہو سکے سگریٹ نوشی چھوڑنا ضروری ہے، کیونکہ یہ کینسر، دل کی بیماری اور ڈیمنشیا جیسے خطرناک امراض کا سبب بنتی ہے۔






