سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے کا مؤثر طریقہ دریافت

آپ سگریٹ نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں مگر یہ کام مشکل محسوس ہو رہا ہے؟ اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ طبی ماہرین نے سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے میں مددگار آسان طریقہ دریافت کرلیا ہے۔ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ سگریٹ نوشی سے نجات پانا چاہتے ہیں تو ای سگریٹس کا استعمال زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق نکوٹین پیچز، گم اور دیگر کے مقابلے میں ای سگریٹس سے تمباکو نوشی کی لت سے نجات پانے میں زیاد مدد ملتی ہے۔ اس تحقیق میں 14 تحقیقی رپورٹس کے نتائج کا تجزیہ کیا گیا اور ہر تحقیق کے نتائج کا موازنہ کیا گیا۔ تحقیق میں دریافت ہوا کہ جب کوئی فرد تمباکو نوشی کی لت سے نجات پانے کے لیے نکوٹین ای سگریٹس کا استعمال کرتا ہے تو کامیابی کا امکان دیگر طریقوں کے مقابلوں میں زیادہ ہوتا ہے۔ درحقیقت ای سگریٹس اس معاملے میں نکوٹین ریپلیسمینٹ تھراپی، نان نکوٹین سگریٹس، نکوٹین پیچز اور دیگر طریقوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔ محققین نے تسلیم کیا کہ ای سگریٹس سے صحت کو لاحق ہونے والے مضر اثرات ابھی تک واضح نہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔   انہوں نے کہا کہ مگر ہمیں توقع ہے کہ نتائج سے لوگوں کو سگریٹ سے نجات پانے میں مدد مل سکے گی۔ اس تحقیق کے نتائج جرنل Addiction میں شائع ہوئے۔ واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق تمباکو نوشی سے متعدد امراض بشمول کینسر، امراض قلب اور دیگر کا خطرہ بڑھتا ہے۔ اس سے قبل دسمبر 2023 میں آسٹریا کی Innsbruck یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ تیز رفتاری سے چہل قدمی سے سگریٹ پینے کی خواہش میں عارضی طور پر کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔ یہ پہلی تحقیق ہے جس میں چار دیواری سے باہر جسمانی سرگرمیوں اور تمباکو نوشی کی عادت سے نجات میں تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر کوئی فرد تمباکو نوشی کی عادت چھوڑنا چاہتا ہے تو گھر کے باہر یا اندر 10 منٹ کی معتدل ورزش سے سگریٹ کی خواہش کو دبانے میں مدد مل سکتی ہے۔ درحقیقت اس طرح تمباکو نوشی چھوڑنے کے بعد جن علامات کا سامنا ہوتا ہے، ان سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت