ایل پی جی کی قیمت میں بڑا اضافہ

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کی کشیدگی کے اثرات پاکستان کی توانائی کی مارکیٹ تک پہنچنے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن کے مطابق فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 90 سے 100 روپے تک اضافہ متوقع ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 500 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے۔ ایسوسی ایشن نے صارفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں بھی ایک ہزار روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کمرشل سلنڈر 4 ہزار 500 روپے تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ توانائی کے ماہر عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں مہنگائی کے ایک نئے طوفان کا باعث بن سکتی ہیں اور عام صارفین، خصوصاً غریب طبقہ، ایل پی جی گیس کی خریداری سے محروم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں 238 ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے، جس کا اثر پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کو قیمتوں میں اضافے کے اس بحران سے بچانے کے لیے موثر حکمت عملی تیار کی جائے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو توانائی کے شعبے میں ہونے والا یہ اتار چڑھاؤ عوام پر مہنگائی کے اضافے کی صورت میں براہ راست اثر ڈالے گا اور ملکی معیشت پر بھی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔