آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔ اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ایل پی جی کی ریٹیل قیمتوں پر عملدرآمد کروانا ضلعی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، اتھارٹی کی انفورسمنٹ ٹیمیں پلانٹس کی انسپکشن میں مصروف ہیں۔ اعلامیے میں ملک بھر میں ایل پی جی کی مقررہ سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ چیف سیکریٹریز کو متعلقہ اداروں کو متحرک کرنے کیلیے ہدایات جاری کر دی گئیں۔ اوگرا نے ہدایت کی کہ صارفین کو مقررہ نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، غیر قانونی منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ روز اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت میں فی کلو 78 روپے 28 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر میں 9 سو 23 روپے 71 پیسے اضافے کے بعد 11.8 کلوگرام کے ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 5 سو 88 روپے 59 پیسے اور فی کلو قیمت 304روپے 12 پیسے مقرر کی گئی۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہوا۔ ترجمان اوگرا کا کہنا تھا کہ ایل پی جی پروڈیوسر کی قیمت سعودی آرامکو-سی پی اور امریکی ڈالر کے ایکسچینج ریٹ سے منسلک ہے۔ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں سعودی آرامکو-سی پی میں 44 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اوسط ڈالر ایکسچینج ریٹ میں 0.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں ایل پی جی صارفین کی قیمتوں میں 11.8 کلو گرام سلنڈر پر 923 روپے 71 پیسے (34.66 فیصد) اضافہ ہوا۔






