موٹر سائیکل مالکان کو ماہانہ 2000 روپے کس طرح ملیں گے، طریقہ جانیے

حکومتِ سندھ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد سبسڈی پروگرام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کے لیے موٹر سائیکل مالکان کو ماہانہ 2 ہزار روپے کی براہِ راست مالی امداد (سبسڈی) فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق موٹرسائیکل سواروں کو پٹرول پمپس پر سستا ایندھن فراہم کرنا انتظامی طور پر ممکن نہیں تھا، اس لیے حکومتِ سندھ نے اس رقم کو شہریوں کے ڈیجیٹل یا بینک اکاؤنٹس میں براہِ راست رقم منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگر آپ بھی موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں تو اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے آپ کا تمام شرائط اور طریقہ کار سے واقف ہونا ضروری ہے۔ ہم اس اسکیم کے اہم مندرجات اور ضروری سوالات کے جوابات وزیراعلیٰ سندھ کی پریس کانفرنس کی روشنی میں آپ کے لیے پیش کر رہے ہیں۔ سبسڈی کی رقم کا حساب کیا ہے؟ یہ مالی امداد ماہانہ 20 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت کے حساب سے دی جا رہی ہے، جو مجموعی طور پر تقریباً 2000 روپے ماہانہ بنتی ہے۔ اسکیم کے لیے بنیادی شرائط اس سبسڈی کو حاصل کرنے کے لیے دو انتہائی اہم اور لازمی شرائط رکھی گئی۔ پہلی شرط یہ ہے کہ موٹر سائیکل استعمال کرنے والے کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہونی چاہیے جب کہ دوسری شرط بینک اکاؤنٹ ہے، یعنی رقم کی آن لائن وصولی کے لیے آپ کا کوئی بھی فعال بینک اکاؤنٹ یا ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے۔