پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس میچ کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب نویں اوور میں ڈیرل مچل نے مسلسل دو مرتبہ عثمان طارق کی گیند کھیلنے سے انکار کردیا۔ اس حوالے سے پچ سائیڈ پوسٹ میچ شو میں عثمان طارق نے بتایا کہ ڈیرل مچل پیچھے ہٹا تو مجھے لگا کہ سامنے اسکرین کے پاس کوئی مسئلہ ہوا ہوگا لیکن جب دوسری مرتبہ وہ ہٹا تو میں نے اس سے پوچھا کہ کیا مسئلہ ہوا ہے۔ جس پر ڈیرل مچل نے کہا کہ تم وقفہ لے رہے ہو، تو میں نے کہا کہ میں تو تیسری، چوتھی مرتبہ بھی وقفہ لوں گا، اب یہ تم پر منحصر ہے کہ تمہیں کیا کرنا ہے۔ عثمان طارق نے بتایا کہ پھر امپائر نے ڈیرل مچل سے کہا کہ آپ ایسے نہیں کر سکتے، عثمان کا ایکشن قانون کے مطابق ہے۔ واضح رہے کہ عثمان طارق کے بولنگ ایکشن کو لے کر عالمی میڈیا میں کافی بحث ہوچکی ہے۔ بھارتی میڈیا ان پر پابندی کا مطالبہ کرتا رہا ہے تاہم ماہرین آئی سی سی قوانین کے مطابق ان کے ایکشن کو بلکل درست قرار دیتے ہیں۔






