حالیہ طبی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ الٹرا پروسیسڈ فوڈز (انتہائی مصنوعی اور ڈبہ بند غذائیں) انسانی صحت کے لیے اتنی ہی خطرناک ہیں جتنی کہ سگریٹ نوشی، کیونکہ اس کے استعمال سے نہ صرف وزن میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ جسم کے پٹھوں میں زیادہ چربی جمع ہونے لگتی ہے، جس سے وہ بالکل ایسے دکھائی دیتے ہیں… ریڈیالوجی جرنل میں شائع ہونے والی نئی اسٹڈی کے مطابق جو لوگ اپنی روزمرہ خوراک کا زیادہ تر حصہ ان غذاؤں پر مشتمل رکھتے ہیں، ان کی رانوں کے پٹھوں میں چربی کی کئی تہیں بن جاتی ہیں۔ تحقیق میں ایک 62 سالہ خاتون کے ایم آر آئی اسکین کا حوالہ دیا گیا ہے جس کی 87 فیصد خوراک مصنوعی مشروبات، چاکلیٹ اور الٹرا پروسیسڈ کھانوں پر مشتمل تھی۔ اسکین سے معلوم ہوا کہ ان کے پٹھوں کے ریشوں کے درمیان چربی اس قدر سرایت کر چکی تھی کہ پٹھے اپنی طاقت کھو چکے تھے۔ سی این این میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹھوں میں چربی کا یہ پھیلاؤ ایک عضو تک محدود نہیں رہتا بلکہ پورے جسم کے پٹھے متاثر ہو سکتے ہیں، جس سے جسمانی کمزوری اور مستقبل میں بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ یہ کیفیت خاص طور پر موٹاپے کے شکار افراد میں زیادہ سنگین ہو سکتی ہے۔ چربی کی زیادتی گھٹنوں کے جوڑوں کے درد اور ’آسٹیو آرتھرائٹس‘ (جوڑوں کا بھربھرا پن) کی بنیادی وجہ بھی بنتی ہے، کیونکہ کمزور پٹھے جوڑوں کا بوجھ برداشت نہیں کر پاتے۔ الٹرا پروسیسڈ غذائیں صرف موٹاپا ہی نہیں بلکہ کینسر، امراضِ قلب، ذیابیطس اور ڈپریشن جیسے سنگین مسائل کا باعث بھی بنتی ہیں۔ تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ جن افراد کی خوراک میں الٹرا پروسیسڈ فوڈز کم تھے، ان کے پٹھے نسبتاً زیادہ صحت مند تھے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق، اگرچہ ان غذاؤں کے اثرات خطرناک ہیں، لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ متوازن غذا اور ورزش کے ذریعے پٹھوں کی کوالٹی کو دوبارہ بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹرز کا مشورہ ہے کہ گھر میں تیار کردہ سادہ اور قدرتی غذاؤں کا استعمال کریں۔ دہی میں مصنوعی ذائقوں کے بجائے تازہ پھل شامل کریں اور بازاری پروٹین بارز کے بجائے قدرتی پروٹین کے ذرائعے(جیسے انڈے، دالیں) تلاش کریں۔ آپ کی خوراک میں صرف یہ اہم نہیں کہ آپ کیا چیزیں چھوڑتے ہیں، بلکہ یہ بھی ضروری ہے کہ آپ کیا شامل کرتے ہیں۔ اپنی غذا میں ایسی چیزوں کو ترجیح دیں جیسے مکمل اناج، سبزیاں، دالیں اور مختلف قسم کی پھلیاں، اس کے ساتھ تازہ، منجمد یا پانی میں محفوظ کیے گئے پھل شامل کرنا بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔ چینی سے بھرپور سوڈا واٹر اور پیکٹ والے جوسز کے بجائے سادہ پانی کو ترجیح دیں۔ جوڑوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہلکی پھلکی ورزشیں جیسے پیڈل مشین یا دیوار کے سہارے بیٹھنے والی ورزش کریں تاکہ گھٹنوں کے گرد موجود پٹھے مضبوط ہوں۔ کوئی بھی چیز خریدنے سے پہلے اس کے اجزاء کو غور سے پڑھیں اور کم سے کم کیمیکلز والی اشیاء کا انتخاب کریں۔ فاسٹ فوڈ چینز کے بجائے مقامی ریستورانوں اور کیفے کو ترجیح دیں، کیونکہ وہاں عموماً الٹرا پروسیسڈ غذا کم مقدار میں استعمال ہوتی ہے اور نسبتاً صحت مند کھانا دستیاب ہوتا ہے۔






