دہلی مرکنٹائل سوسائٹی میں غیر قانونی اضافی منزل کی تعمیر جاری، شہریوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ
کراچی (طلعت شاہ) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے ڈائریکٹر ضلع شرقی سمیع جملانی کی پراسرار خاموشی نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ ضلع شرقی میں تعمیراتی مافیا کھلے عام سرگرم دکھائی دے رہا ہے۔ زمینی حقائق اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ متعلقہ افسران کی مبینہ غفلت یا ملی بھگت کے باعث غیر قانونی تعمیرات بلا روک ٹوک جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دہلی مرکنٹائل سوسائٹی، گلی نمبر 9 کے پلاٹ نمبر 136 پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اضافی منزل کی تعمیر کھلے عام جاری ہے۔ علاقہ مکینوں اور شہری حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کرپٹ بلڈنگ افسران اور بلڈر کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کے باعث یہ غیر قانونی سرگرمی جاری ہے۔
شہریوں نے وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور ڈائریکٹر جنرل SBCA مزمل حسین ہالیپوٹو سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہر میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی تعمیرات کا سدباب کیا جا سکے۔
دوسری جانب اس معاملے پر ڈائریکٹر ضلع شرقی سمیع جملانی کا موقف جاننے کے لیے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم تاحال ان سے رابطہ ممکن نہیں ہو سکا۔






